علم ایک چراغ ہے جو زندگی کے راستوں کی تاریکیوں کو ختم کرکے آگے بڑھنے کا راستہ دکھاتا ہے، جس کے بغیر انسان کی انسانیت ااور شخصیت اندھیروں کا شکار ہو جاتی ہے، اور چونکہ فرد کی زندگی سے معاشرہ کی زندگی قائم ہے، معاشرہ کی نہ صرف ترقی اور خوبی بلکہ ایک صالح معاشرہ کا استحکام افراد کی تعلیم سے مربوط ہے۔
تاریخ شاہد ہے کہ کسی بھی قوم کا عروج اسی وقت ممکن ہوا ہے، جب اسکے افراد علوم و معارف کے اعلی درجے پر فائز ہوئے ہیں، علم صرف کسی قوم کی ترقی کا ہی ضامن نہیں ہوتا بلکہ خوب سیرتی ، شخصیت سازی اور اعلی اخلاق و کردار کی تشکیل میں بھی معاون اور مددگار ثابت ہوتا ہے۔ علم کی اہمیت، افادیت اور ضرورت کی اس سے بڑی اور کوئی دلیل ہو ہی نہیں سکتی کہ اسلام کی سب سے پہلی وحی تعلیم کے حکم کے ساتھ نازل ہوئی۔
آج جبکہ علوم و معارف اور سائنس و ٹکنولوجی کے میدانوں کو تسخیر کیا جارہا ہے، ستاروں پر کمندیں ڈالی جارہی ہیں، علم کی اتنی شاخیں وجود میں آگئی ہیں جن کا شمار بھی مشکل ہے، ایک نوخیز طالب علم (عام طور سے)حیران و پریشان ہونے لگتا ہے وہ کدھر جائے؟ کسے ا پنائے اور کسے چھوڑے؟؟ اور اسی حیرانی اور پریشانی میں، ایک محنتی،ذہین اور تعلیم کا شوقین طالب علم اس منزلِ مقصود تک نہیں پہونچ پاتا جو اسکے دسترس میں تھی، لیکن صرف صحیح راہنمائی کی کمی کے نتیجہ میں اسکے پہونچ سے باہر ہو گئی، یا اگر کسی طرح منزل تک رسائی ہو بھی جاتی ہے تو وہ امتیازسامنے نہیں آتا، اور وہ صلاحیت نہیں نظر آتی جن کا حصول صحیح راہنمائی سے بڑی حد تک ممکن ہوتا۔پھر وہ چاہے دینی علوم ہوں یا علم کی دوسری شاخیں یہی صورت ہر جگہ نظر آتی ہے۔ کتنی ہی صلاحیتیں ہیں جو (معاف کیجیے گا) والدین کی عدم توجہی اورصحیح راہنمائی نہ ہونے کے نتیجہ میں ضائع ہو جاتی ہیں۔
تحصیل علم کی انہی مشکلات کو سامنے رکھتے ہوئے ہم نے ایک چھوٹی سی جماعت کی بنیاد ڈالی ہے جن کے مقاصد اس طرح ہیں۔
اس کا مقصد: علم کے ان شیدایؤں کی راہنمائی کرنا ہے جنہیں حصولِ علم کی راہ میں کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا ہے اور علمی راہنمائی کی ضرورت ہے۔
اسکا مقصد : یکہتہ اور مضافات کے طلباء میں علمی امتیاز پیدا کرنا اور انکی صلاحیتوں کو نکھارنے کی کوشش کرنا ہے۔
اسکا مقصد: طلباء کو انکی لیاقت اور ذہنی استعداد کی روشنی میں صحیح راستہ کی طرف راہنمائی کرنا ہے۔
اسکا مقصد : طلباء میں مختلف میدانوں میں مقابلہ جاتی امتحانوں کے تعلق سے بیداری پیدا کرنا اور انکی تیاری کے لئے مواد، مدد اور راہنمائی فراہم کرنا ہے۔
اس کا مقصد: علاقہ کے تمام طلباء سے جو حصول علم میں،کسی بھی میدان میں اور کسی بھی جگہ مصروف ہیں ان سے رابطہ کرنا اور انکی علمی راہنمائی کرنا ہے۔
علاقہ کے ہزاروں ایسے بچے ملک کے مختلف علاقوں میں تعلیم میں مصروف ہیں جنہیں پتہ نہیں کہ انکی زندگی کا ، انکی تعلیم کا کیا مقصد ہے اور وہ آگے کیا کرنا چاہتے ہیں اور کیا کرسکتے ہیں، اس تحریک کا مقصد ایسے طلباء کے مسائل کو سمجھنا اور انکی راہنمائی کرنا ہے۔
ابھی ہماری شروعات ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ ہم اپنے علاقہ میں ہر میدان کے تعلیم یافتہ اور تجربہ کارافراد کو اپنے ساتھ لا ئیں تاکہ طلبہ انکے تجربوں سے فائدہ اٹھا سکیں اور انکی راھنمائی میں اپنی صلاحیتیوں کو نکھاریں۔
اس تحریک کی کامیابی کے لئے ہمیں ضرورت ہوگی اس علاقہ کے تمام اہل علم کی تاکہ بہ وقت ضرورت ہم انکے علم اور تجربہ کا فائدہ اپنے ہونہاروں تک پہونچا سکیں۔
اس تحریک کے دروازے سبھی اہل علم، اور طلبہ کے لئے کھلے ہیں۔ طلبہ بنا جھجھک کسی بھی پریشانی یا علمی راہنمائی لئے ہم سے رابطہ کریں۔ جبکہ ہم اہل علم سے گذارش کریں گے کہ ہمیں اپنے رابطے کی تفصیلات سے ممنون فرمائیں تاکہ ہم انکے تجربوں کی روشنی میں اپنے مقاصد کے حصول میں کامیاب ہو سکیں۔
aslmu alikum ekhatta. form khan se bhar na hi
ReplyDelete